اسلام آباد: پانچویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے 2022ء اختتام پذیر ہو گئے، ملتان کور مقابلے کی فاتح قرار پائی، راولپنڈی کور نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ بین الاقوامی ٹیموں میں نیپال، ترکی اور ازبکستان نے سونے کے تمغے جیتے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پانچویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے 2022ء کی اختتامی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سنٹر پبی میں منعقد ہوئی، انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے، مقابلوں میں پاکستان آرمی کی آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ اردن، مراکش، نیپال، ترکی، ازبکستان، کینیا، سعودی عرب اور سری لنکا سمیت آٹھ بین الاقوامی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔
مہمان خصوصی نے مقابلے کے شرکاء میں انعامات اور میڈلز تقسیم کئے، ملتان کور نے مقابلہ جیت لیا جبکہ راولپنڈی کور نے دوسری پوزیشن حاصل کی، بین الاقوامی ٹیموں میں سونے کے تمغے نیپال، ترکی اور ازبکستان نے جیتے، چاندی کے تمغے کینیا، مراکش اور سری لنکا نے جیتے جبکہ اردن اور سعودی عرب کی ٹیموں نے کانسی کے تمغے جیتے، اختتامی تقریب میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی، پاکستان میں مراکش کے سفیر محمد کارمون بھی شرک تھے، شریک ممالک کے مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی شرکت کی، یہ مقابلہ 7 سے 9 مارچ تک 60 گھنٹے پر محیط تھا، مقابلے میں انتہائی مشکل ماحول میں مختلف ایونٹس شامل تھے جس کے دوران ٹیموں کا جسمانی برداشت، ذہنی چستی اور حکمت عملی کی مہارت کا جائزہ لیا گیا۔
نیوز سورس دنیا نیوز