محمد حسنین کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار،پی سی بی نے بولنگ سے روک دیا

eAwazکھیل

کراچی : محمدحسنین کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار دے دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حسنین کوبولنگ سے روک دیا۔محمد حسنین کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ 21 جنوری کو لاہور میں واقع آئی سی سی کے ایکریڈیٹڈ لیب میں کیا گیا جس کا جائزہ لینے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے ماہرین نیفاسٹ بولر کے بالنگ ایکشن کو غیرقانونی قراردے دیا۔

غیر قانونی بولنگ ایکشن قوانین کے تحت جب تک محمد حسنین دوبارہ اپنے بالنگ ایکشن کا ٹیسٹ کلیئر نہیں کرلیتے وہ بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے ۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمد حسنین کے بولنگ ایکشن سے متعلق کرکٹ آسٹریلیا کی رپورٹ میں نوجوان فاسٹ بولرمحمد حسنین کے بولنگ ایکشن کوغیرقانونی قراردیا گیا ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل7 کی ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارش پرپی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ محمد حسنین کو پی ایس ایل میں مزید شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔پی سی بی کے مطابق رپورٹ کا جائزہ لینے اورماہرین سے مشورے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔

محمد حسنین کے لئے بولنگ کنسلٹنٹ کا تقررکیا جائے گا تاکہ ان کا بولنگ ایکشن درست کیا جاسکے۔ محمد حسنین بولنگ ایکشن درست ہونے کے بعد دوبارہ ٹیسٹ دیں گے۔پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گڈ لینتھ اورفل لینتھ بانسر اور سلو بانسر کی ڈیلیوریز پھینکتے وقت ان کے بازو کا خم 15 ڈگری کی حد سے تجاوز کررہا ہے۔