کورونا وائرس کے پیش نظر عائد کی گئی مسجد نبویﷺ میں بچوں کے داخلے پر پابندی کو ڈیڑھ سال بعد ختم کردیا گیا۔مسجد نبویﷺ کے انتظامی امور کی ذمہ دار ایجنسی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ سعودی حکومت کی جانب سے ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والے بچوں کو تقریباً ڈیڑھ سال بعد مسجد میں داخلے اور نماز ادا کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔تاہم فی الحال صرف 12 سے 18 سال کی عمر تک کے بچوں کو مسجد میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔اس کے علاوہ کورونا کی دونوں خوراکیں لینے والے بچوں کو عمرہ کی ادائیگی کی بھی اجازت ہوگی۔واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت نے 30 جون سے 12 سے 18 برس کی عمر کے بچوں کو ویکسین کی پہلی خوراک دینے کا آغاز کیا تھا۔