افغانستان میں ’’را‘‘ کے 50 ٹریننگ کیمپ ویران ہو گئے

eAwazاردو خبریں, ورلڈ

اسلام آباد : کابل سمیت پورے افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد بلوچستان میں دہشت گردی کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا افغان نیٹ ورک بھی تتر بتر ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق افغانستان کے مختلف شہروں میں ’’را‘‘ نے پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کے لیے پچاس سے زائد کیمپ قائم کر رکھے تھے جن میں بی ایل اے، بی آر اے وغیرہ سمیت کئی بلوچ علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیموں کے کارندوں کو تربیت اور فنڈنگ کے بعد پاکستان میں مختلف وارداتوں کے لیے بھیجا جاتا تھا۔ذرائع کے مطابق  بیشتر کیمپ گزشتہ تین ماہ کے دوران طالبان مجاہدین کی تیز رفتار فتوحات کے پیش نظر بند کر دیے گئے تھے۔ دہشت گردوں کے ہینڈلر بھارتی خفیہ ایجنسی کے افسر بھی اپنا بوریا بستر سمیٹ کر نئی دہلی روانہ ہوگئے تھے۔ تاہم اپنے حق میں حالات سازگار ہونے کے انتظار میں ان میں سے کچھ بھارتی انٹیلی جنس افسران کابل میں گذشتہ ہفتے تک موجود رہے۔  بلوچ علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیموں کے بڑے لیڈراورکمانڈر تو پہلے ہی یورپ اور مشرق وسطیٰ سمیت مختلف ممالک میں مقیم ہیں۔ تاہم طالبان کارروائیوں کی حالیہ لہر کے دوران نچلے درجے کے کارندے بھی افغانستان چھوڑ گئے تھے، جن میں سے بعض کے بارے میں گمان ہے کہ وہ اپنے ہینڈلرز کے ساتھ بھارت منتقل ہوگئے ہیں۔