دُنیا بھر میں مقبول ہونے والی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا کردار نبھانے والی تُرک اداکارہ اسرا بیلگیچ نے اپنے بارے میں سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر جواب دے دیا۔
اسرا بیلگیچ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ترک زبان میں لکھا کہ ’ کسی کے مذہبی عقیدے، قومیت یا سیاسی رائے سے قطع نظر میں ہمیشہ انسان کی طرف رہی ہوں اور میں اس عمل کو جاری رکھوں گی۔‘
انہوں نے اپنے ہی ترک زبان میں کیے ہوئے ٹوئٹ کی مزید وضاحت کرتے ہوئے انگریزی زبان میں لکھا کہ ’میں کبھی بھی کسی نفرت انگیز عمل یا کسی بحث کا حصہ نہیں بنی اور نہ ہی بنوں گی، شکریہ‘
واضح رہے کہ ترک اداکارہ اسرا بلگیچ نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر افغان خواتین کے مستقبل پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
اداکارہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں ترک زبان میں لکھا تھا کہ ’پچھلے سال، 20 ستمبر کو افغانستان میں اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ اب بچے کے شناختی کارڈ پر ماں کا نام بھی درج کیا جائے گا۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ابھی ایک سال بھی نہیں ہوا، آج خواتین نے افغانستان میں اپنی آزادی کھو دی۔‘
اسرا نے مزید لکھا کہ ’ہمیں پوری دنیا میں خواتین کے لیے اپنی لڑائی جاری رکھنی چاہیے۔‘