اسلام آباد۔20اگست:وزیراعظم عمران خان جمعہ کواحساس کوئی بھوکا نہ سوئے اقدام کے دائرۂ کار کو بڑھانے کا اعلان کریں گے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیا ن کے مطابق سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی اور مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر وزیراعظم کو بریفنگ دیں گے۔ “کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کے تحت فی الوقت 5شہروں میں کھانا بردار ٹرکوں کے ذریعے کھانا تقسیم کیا جاتاہے۔آج وزیراعظم ملتان، گوجرانوالہ اور لاہور کے لئے 4نئے کھانا بردار ٹرکوں کا افتتاح بھی کریں گے۔کل ملا کر اب 7شہروں میں 16ٹرکوں کے ذریعے کھانے کی تقسیم ہوگی ۔
اکتوبر سے 29شہروں میں 40ٹرکوں کے ذریعے پروگرام کا دائرۂ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔ ملک گیر وسعت کے بعد روزانہ 40ہزار افراد اور سالانہ 14لاکھ 60ہزار افراد کو کھانا پہنچایا جائے گا۔”احساس کوئی بھوکا نہ سوئے” اقدام کے ذریعے مزدوروں میں کھانا مفت تقسیم کیا جاتا ہے۔
ابتک 5شہروں میں 8لاکھ 31ہزار سے زائد مزدوروں کو کھانا پہنچایا جا چکاہے۔ اس سال کے آغاز پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔ احساس کوئی بھوکا نہ سوئے اقدام وزیراعظم کے اسی عزم کو عملی جامہ پہنانے کی کڑی ہے۔ مخیر حضرات وفلاحی اداروں کو اقدام میں شامل کرنے کیلیئے احساس کوئی بھوکا نہ سوئے عطیات فنڈ بھی قائم ہے۔