ابوظبی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوے شہریوں پر بھاری جرمانے کی نئی فہرست جاری کردی۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق حکام کی جانب سے تازہ ترین فہرست میں بتایا گیا ہے کہ احتیاطی تدابیر یا قرنطینہ سے بچنے والے شہری اور غیر ملکیوں پر 20 ہزار 201 اماراتی درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا جو پاکستانی روپوں میں 9 لاکھ سے زائد رقم بنتا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وہ افراد جنہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو اپنے ساتھ کام کرنے والے ساتھیوں کی کورونا میں مبتلا ہونے سے متعلق اطلاع فراہم نہیں کی انہیں بھی اس جرمانے کی ادائیگی کرنا لازمی ہوگی۔اس کے علاوہ متعلقہ حکام کو آگاہ کیے بغیر کورونا ٹیسٹ کروانے والے فرد پر جرمانہ عائد کیا جائے گا اور قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے پر جرمانے کی رقم کو دُگنا کردیا جائے گا۔اس کے علاوہ یو اے ای کے شہری اور غیر ملکی رہائش پذیر افراد کو اٹارنی جنرل کی جانب سے کورونا ایس او پیز اور صحت حکام کے فیصلوں پر عمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔