کابل: کابل میں امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے افراد عام شہری نکلے جن میں 6 بچوں سمیت 9 افراد ہلاک ہوئے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق گزشتہ روز کابل میں جس گاڑی کو امریکی ڈرون نے نشانہ بنایا تھا، اس میں سوار شخص کے بھائی نے دعویٰ کیا ہے کہ گاڑی میں سوار تمام افراد عام شہری تھے اور حملے کے نتیجے میں 6 بچوں سمیت 9 افراد مارے گئے۔امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے شخص کے بھائی نے کہا کہ ہمارا داعش سے کوئی تعلق نہیں، یہ ہمارا گھر تھا جہاں میرا بھائی اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔ اس کے علاوہ پڑوسیوں کا بھی کہنا ہے کہ حملے میں مارے گئے افراد عام شہری تھے جنہوں نے حملے کے بعد گاڑی میں آگ بجھانے کی کوشش بھی کی۔ترجمان طالبان نے کابل پر امریکی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو کوئی خطرہ تھا تو اطلاع ہمیں دی جاتی۔دوسرے ممالک میں من مانے حملے کرنا غیر قانونی ہے۔