کابل:افغانستان میں قطر خصوصی ایلچی ڈاکٹر مطلق بن ماجد القحطانی نے عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ طالبان کے مثبت اقدام اور انتہائی اہمیت کی حامل کامیابیوں جیسے قیام امن اور استحکام سے صرفِ نظر نہ کریں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کے نگراں وزیر خارجہ ملا امیر خان سے کابل میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے حالات حاضرہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خوشگوار تعلقات میں استحکام کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے طالبان حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر قطر کے خصوصی ایلچی ڈاکٹر مطلق بن ماجد القحطانی نے کہا کہ دنیا افغانستان میں قائم ہونے والے امن سمیت طالبان کے دیگر مثبت اقدامات کو نظر انداز نہ کرے۔جس پر امارت اسلامیہ افغانستان کے نگراں وزیر خارجہ ملا امیر خان نے قطر کی نیک تمناؤں اور طالبان حکومت کی مدد کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔واضح رہے کہ طالبان کا سیاسی دفتر قطر کے دارالحکومت میں قائم ہے جہاں امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جس کے نتیجے میں غیرملکی فوجیوں کا انخلا مکمل ہوا اور طالبان نے ملک میں اپنی حکومت قائم کرنے میں کامیاب ہوئے۔