روم: منشیات کیس میں بطور سزا گھر میں نظر بند شخص بیوی سے تنگ ہوکر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا اور جیل جانے کی درخواست کردی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں منشیات کیس میں سزا کے طور پر گھر میں نظر بند ایک شخص نے پولیس اسٹیشن جاکر درخواست کی کہ اسے جیل کی سلاخون کے پیچھے بند کردیا جائے،
کیوں کہ گھر میں اپنی بیوی کے ساتھ زندگی بسر کرنا محال ہوچکا ہے۔اطالوی پولیس کے مطابق روم کے نزدیک گائیڈونیا مونٹیسیلیو قصبے کا رہائشی شخص اپنے گھر سے بھاگ کر پولیس اسٹیشن پہنچ اور بتایا کہ وہ اپنی باقی مانندہ سزا جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنا چاہتا ہے، سزا یافتہ شخص کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنی بیوی کے ساتھ ’جبری ہم آہنگی‘ قائم نہیں رکھ سکتا، اور مایوس ہوکر بھاگنے کو ترجیح دی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ یہ شخص گزشتہ کئی ماہ سے منشیات کے کیس میں سزا پانے کے بعد گھر میں نظربند تھا اور اور اپنی بیوی اور خاندان کے ساتھ رہ رہا تھا، جب کہ اس کی رہائی میں کچھ سال باقی تھے، لیکن اس نے بتایا کہ میری گھریلو زندگی جہنم بن چکی ہے اور میں اب یہ نہیں سہہ سکتا۔ پولیس نے مذکورہ شخص کو نظربندی کی خلاف ورزی کے کیس میں گرفتار کرلیا اور عدالت اسے جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔