دبئی : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی مسلسل دوسری شکست کے بعد اس کی سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اگر مگر کی کہانی شروع ہو گئی۔بھارتی ٹیم کو ناصرف اپنے بقیہ تینوں میچز بہترین مارجن سے جیتنے ہوں گے بلکہ نیوزی لینڈ کے خلاف نمیبیا یا اسکاٹ لینڈ کی اپ سیٹ شکست کے لیے بھی دعا کرنا ہو گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو پہلے پاکستان نے ہرایا، پھر نیوزی لینڈ نے شکست دی جس کے بعد گروپ ٹو کے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 4 فتوحات کے ساتھ 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔افغانستان 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسری، نیوزی لینڈ 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور نمیبیا 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے، جبکہ بھارت اور اسکاٹ لینڈ ابھی تک اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے۔
اب سوال یہ ہے کہ بھارت فائنل فور میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟ اس کے لیے پہلے تو بھارت کو اپنے بقیہ تینوں میچز جیتنا ہوں گے، پھر نیٹ رن ریٹ بھی بہتر کرنا ہو گا۔بھارت کے 3 میچز اسکاٹ لینڈ، افغانستان اور نمیبیا کے خلاف ہیں، نیوزی لینڈ نے بھی ان ہی 3 ٹیموں سے مقابلہ کرنا ہے، اگر نیوزی لینڈ تینوں میچز جیتا تو بھارت کا قصہ تمام ہو جائے گا۔
کوہلی الیون اپنی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ چاہے گی کہ نیوزی لینڈ کو ایک اپ سیٹ شکست ضرور ہو جائے لیکن جیتنے والی ٹیم افغانستان نہ ہو کیونکہ اگر افغانستان ایک میچ اور جیت گیا تو اس کے پوائنٹس بھی 6 ہوجائیں گے اور پلس 3 سے زائد رن ریٹ والی افغانستان کی ٹیم کو پکڑنا بھارتی ٹیم کے لیے بڑا چیلنج ہو گا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم اگر نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کو ہراتی ہے اور افغانستان کی ٹیم بھی نیوزی لینڈ کو ہراتی ہے اور بھارت تینوں میچز جیت جاتا ہے تو پھر یہ تینوں ٹیمیں 6، 6 پوائنٹس پر ہوں گی پھر ایسے میں نیٹ رن ریٹ کا عمل دخل ہو گا۔