امریکی شہری نے اپنی 48 ویں میراتھن ریس ڈاکٹر عافیہ کے نام کردی

eAwazپاکستان

 کراچی: قوم کی بیٹی کی رہائی اور وطن واپسی کیلیے ڈاکٹر عافیہ کی سرگرم سپورٹر پاکستانی نژاد امریکی شہری ندرت صدیقی نے اپنی 48 ویں میراتھن ریس ڈاکٹر عافیہ کے نام کردی۔ٹیکساس میں مقیم ندرت صدیقی نے بتایا کہ آج میں نے فورٹ ورتھ میراتھن دوڑمیں حصہ لیا جو کہ میری 48ویں مکمل میراتھن ہے۔

اس معصوم سیاسی قیدی بہن کیلیے میری چھٹی خاص ریس تھی۔ یہ امریکا کے اس ٹیکساس شہر میں تھی جہاں کی جیل میں ڈاکٹر عافیہ بند ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ بات یقین سے بالاتر ہے کہ وہ 18 سال سے اس جرم کے الزام میں قید ہیں جس کا ارتکاب اس نے نہیں کیا ہے۔ ایسا الزام کہ جس میں کوئی ہلاک یا زخمی تک نہیں ہوا تھا۔

انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان نے اپنی بے گناہ شہری کی رہائی کیلیے ایک رسمی خط تک امریکی حکومت کو نہیں لکھا ہے۔ جب میں میراتھن میں دوڑ رہی تھی تو سلیمہ گل عافیہ کے کیس کے بارے میں وہاں موجود لوگوں کوآگاہی دے رہی تھیں۔ انصاف کیلیے اصول پسند علمبرداروں کا یہی عزم ہوتا ہے۔ چار گھنٹے اور آ ٹھ منٹ طویل اس میراتھن ریس میں ندرت صدیقی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔