اسلام آباد: احتساب عدالت نے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت24 نومبر تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت میں نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی اور شریک ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ شریک ملزمان کے وکیل قاضی مصباح نے بریت کی درخواستوں پر دلائل دینے کا کہا
جبکہ نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے دلائل پر اعتراض کیا۔نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے عدالت میں کہا کہ قاضی مصباح نیب آرڈیننس اور بریت کی درخواستوں کو مکس کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ملزمان کے وکلاء عدالت کا وقت ضائع کررہے ہیں۔
افضل قریشی نے کہا کہ عدالت آرڈیننس اور بریت کی درخواستوں پر اکٹھی بحث رکھوالے، نیب آرڈیننس کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیسز میں فرق نہیں آئے گا، عدالت کے پاس تمام ریکارڈ اور نیب ترمیمی آرڈیننس موجود ہے۔اس موقع پر احتساب عدالت نے مشترکہ دلائل کیلئے سماعت 24 نومبر تک ملتوی کردی۔