آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی میڈیکل کور ایبٹ آباد کا دورہ کیا اور کرنل کمانڈنٹ آرمی میڈیکل کور لیفٹیننٹ جنرل نگارجوہر کو بیجز لگائے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی میڈیکل کور( اے ایم سی) ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کرنل کمانڈنٹ آرمی میڈیکل کور لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو بیجز لگائے۔
اس موقع پرآرمی چیف کا کہنا تھا کہ پہلی تھری اسٹار خاتون جنرل آفیسر کی ترقی پاک فوج اور ملک کیلئے باعث فخر ہے،ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کیلئے میڈیکل سائنس میں ترقی کیساتھ ہم آہنگ ہونا ضروری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اے ایم سی نے قدرتی آفات کے دوران فرض کی آواز پر ہمیشہ لبیک کہا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے جنگ اور امن کے دوران طبی سہولیات کا اعلی معیار برقرار رکھنے پر میڈیکل کورکی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے ایم سی نے ملک اور بیرون ملک اپنی شاندار خدمات سرانجام دیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمارے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاف کورونا وبا کے دوران فرنٹ لائن واریئرز رہے ہیں جبکہ انہوں نے پاکستان کے لوگوں کی حفاظت اور فلاح کیلئے مثالی عزم کیساتھ خدمات سرانجام دیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس کے علاوہ آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھول بھی چڑھائے۔