خاشقجی قتل کیس، فرانس میں گرفتار سعودی شہری رہا
پیرس: فرانس میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے سلسلے میں مشتبہ شخص کی گرفتاری غلط معلومات کا نتیجہ نکلی، مکمل جانچ پڑتال کے بعد فرانسیسی حکام نے زیر حراست شخص کو رہا کردیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مشتبہ شخص کو گزشتہ روز پیرس کے چارلس ڈیگال ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا۔
پیرس کے پراسیکیوٹر دفتر نے کہا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے سلسلے میں مشتبہ شخص کو حراست میں لینے کا اقدام غلط شناخت کا معاملہ نکلا ہے اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد زیرحراست شخص کو رہا کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشتبہ شخص کے بارے میں خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ خالد العتیبی ہے، جو تین سال قبل استنبول میں سعودی قونصل خانے کے اندر خاشقجی کے قتل کے سلسلے میں مطلوب سعودی شہری ہے۔سعودی حکام نے گزشتہ روز مشکوک شخص کی گرفتاری سے متعلق فرانسیسی دعووں پر شکوک کا اظہار کیا تھا۔