کورونا: امریکا اور آئر لینڈ کا پہلا ون ڈے منسوخ
واشنگٹن : امریکا اور آئر لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ امپائر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔امریکی کرکٹ کا کہنا ہے کہ پہلا ون ڈے امپائرنگ ٹیم میں کوویڈ ٹیسٹ مثبت آنے پر منسوخ کیا گیا ہے، پہلا ون ڈے میچ 26 دسمبر کو فلوریڈا میں کھیلا جانا تھا۔
یو ایس اے کرکٹ کے مطابق 4 رکنی میچ آفیشلز میں سے 1 کا کوویڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔قریبی رابطے کی وجہ سے باقی 3 آفیشل بھی دستیاب نہیں تھے، میچ آفیشلز دستیاب نہ ہونے کے باعث میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ون ڈے میچ 28 اور تیسرا 30 دسمبر کو شیڈولڈ ہے جبکہ سیریز کے باقی میچز کے لیے یو ایس اے، آئر لینڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں رابطے جاری ہیں۔
یو ایس اے کرکٹ کا کہنا ہے کہ صحت کی حفاظت یقینی ہونے کی صورت میں ہی سیریز کو جاری رکھا جائے گا۔خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔