Taliban expelled hundreds of fighters from their ranks

افغانستان:طالبان نے سینکڑوں جنگجو اپنی صفوں سے نکال دیے

eAwazورلڈ

کابل : افغان عبوری حکومت کے تشکیل کردہ کمیشن نے ابتدائی طور پر طالبان کی صفوں میں موجود ایک ہزار 895 غیر متعلقہ یا جرائم میں ملوث افراد کو ان کے عہددوں سے فارغ کردیا۔ طالبان رہنما انعام اللہ سمنگانی کا کہنا ہے کہ فارغ کیے جانے والے بعض جنگجوؤں کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔

طالبان عبوری حکومت کے نائب ترجمان ایمان اللہ سمنگانی کا کہنا ہے کہ طالبان انتظامیہ اپنے نام اور اختیارات کا غلط استعمال کرنے والے طالبان کو عہدوں سے برخاست کرنے کا عمل جاری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فارغ کیے گئے طالبان میں بعض صوبائی منتظمین بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ طالبان انتظامیہ نے 7 ستمبر کو افغانستان میں عبوری حکومت قائم کرنے کے بعد اپنی صفوں سے غلط عناصر کو فارغ کرنے کے لیے ایک کمیشن قائم کرکے جانچ پڑتال کا عمل شروع کردیا تھا۔ کمیشن کا مقصد طالبان کے نام اور اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرنے والے اراکین کو گروپ سے خارج کرنے کے علاوہ انہیں قرار واقعی سزائیں دینا بھی ہے۔