کابل: افغانستان کے نائب وزیراعظم اول اورطالبان کے نائب امیرعبدالغنی برادرنے عالمی برادری سے بغیرسیاسی تعصب کے افغانستان کے عوام کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔افغانستان کے نائب وزیراعظم اول عبدالغنی برادرنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ افغانستان کوخوراک، رہائش اور پیسوں کے لئے عالمی برادری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بغیرکسی سیاسی تعصب کے افغان عوام کی مدد کی جائے۔عبدالغنی برادرکا کہنا تھا کہ افغان عوام کے پاس کھانا، رہائش، گرم کپڑے اور پیسے نہیں ہیں اور سرد موسم نے صورتحال کوسنگین کردیا ہے۔
افغان نائب وزیراعظم اول کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی پابندیوں نے افغان عوام کے لئے معاشی مسائل پیدا کردئیے ہیں۔ گزشتہ 20 سال میں کوئی انفرااسٹرکچرنہیں بنایا گیا۔ افغانستان کے معاملے پرعالمی برادری کواپنی انسانی ذمہ داری کوپورا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبان افغانستان میں عالمی امداد کی تقسیم کے لئے مدد دینے کوتیارہیں۔