District Court

اسلام آباد،ضلع کچہری کے 15 ججز ،58 عدالتی اہلکارکورونا میں مبتلا

eAwazپاکستان

اسلام آباد: ضلع کچہری میں 15 ججز اور عدالتوں کے 58 اہلکارکورونا میں مبتلا ہوگئے۔عدالتی ذرائع کے مطابق 15 ججز کے علاوہ دیگر 58 عدالتی اہلکار کے کورونا کا شکار ہوجانے کے بعد عدالتیں آج کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتوں میں ڈس انفیکشن اسپرے کرایا جائے گا۔ضلع کچہری ویسٹ کورٹس میں 10 ججز 29 اہلکار کا کورونا مثبت آیا ، جبکہ ایسٹ کورٹس میں 5 ججز 29 اہلکار کورونا کا شکارہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 7 ہزار 678 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 23 مریض اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 814 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ 93 فیصد پر آ گئی۔پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 65 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 53 ہزار 479 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 57 ہزار 935 زیرِ علاج مریضوں میں سے 961 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 66 ہزار 479 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 59 ہزار 343 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کل 2 کروڑ 44 لاکھ 15 ہزار 716 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 لاکھ 86 ہزار 27 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کل 17 کروڑ 7 لاکھ 11 ہزار 868 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 7 کروڑ 88 لاکھ 60 ہزار 543 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔