تیونس :ـ تیونس کے صدر قیس سعید نے سپریم جوڈیشل کونسل کو تحلیل کردیا، قیس سعید نے کونسل کو ماضی کی بات قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کونسل کیلئے جلد ایک عارضی حکم نامہ جاری کریں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تیونس کے صدارتی حکم نامے کے بارے میں کوئی اور تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدعنوانی اور دہشت گردی کے مقدمات میں فیصلے جاری کرنے میں تاخیر پر تیونس کے صدر ماضی میں عدلیہ پر تنقید کرتے رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں قیس سعید نے حکومت کو برطرف اور پارلیمنٹ کو معطل کردیا تھا، ان کے اس اقدام کو ان کے مخالفین نے بغاوت قرار دیا تھا، اقتدار پر قبضہ کرنے اور تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کو مسترد کرنے کے بعد انہیں بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔