Kuwait workers

کویت میں 6 ماہ بعد غیرملکیوں پر سرکاری ملازمتوں کے دروازے بند ہوجائیں گے

eAwazآس پاس

کویت سٹی: خلیجی ملک کویت میں سرکاری ملازمتوں سے غیرملکی ورکرز کو ہٹا کر کویتی شہریوں کو بھرتی کرنے کا منصوبہ رواں سال اگست تک مکمل کرلیا جائے گا۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کویت میں سال 2017 میںکویتائزیشن کا منصوبہ سامنے آیا جس کا مقصد سرکاری اسامیوں پر موجود غیرملکی ورکرز کی جگہ مقامی شہریوں کو نوکریاں دینا ہے تاکہ کویتی نوجوان ملازمت حاصل کرکے ملکی باگ دوڑ سنبھالیں اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کویت میں سال دو ہزار سترہ میں جاری ہونے والا منصوبہ لگ بھگ پانچ سال میں مکمل ہونے جارہا ہے۔ رواں سال اگست تک سرکاری اسامیوں پر تارکین کی جگہ مقامی شہری ہوں گے۔

کویت میں مراحلہ وار کویتائزیشن ہوئی یعنی سال 2017 کے بعد سے سرکاری شعبوں میں آہستہ آہستہ غیرملکیوں کی جگہ مقامی شہریوں کو موقع دیا جارہا ہے، یہ منصوبہ اگست 2022 تک مکمل ہوجائے گا۔

کویتی حکومت نے اساتذہ، ڈاکٹروں اور سروسز فراہم کرنے والے شعبوں کی ملازمتوں کو کویتائزیشن منصوبے کا فی الحال حصہ نہیں بنایا۔ کویت کی کل آبادی 46 لاکھ ہے جن میں سے 35 لاکھ غیرملکی ہیں۔

کورونا بحران کے دوران کویت میں غیرملکیوں کو نوکریاں نہ دینے کے بھی مطالبات سامنے آئے تھے۔ کویتی وزارت داخلہ کے مطابق سال 2021 میں مختلف جرائم میں ملوث تقریبا 18 ہزار غیرملکیوں کو ملک بدر بھی کیا گیا۔