بولی وڈ کی ’ڈسکو کنگ‘ کہلائے جانے والے موسیقار و گلوکار آلوکیش لہری المعروف بپی لہری کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔
بپی لہری 16 فروری کی صبح کو کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 69 برس کی عمر میں چل بسے تھے، انہوں نے 6 دہائیوں تک موسیقی میں خدمات سر انجام دیں۔
بپی لہری کی آخری رسومات ریاست مہاراشٹر کے ولے پارلے شمشمان گھاٹ میں ادا کی گئیں اور ان کے بیٹے نے انہیں جلا بخشی۔
خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق بپی لہری کی آخری رسومات میں ان کے تمام اہل خانہ اور شوبز شخصیات سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
بپی لہری کے بیٹے 17 فروری کو ہی امریکا سے وطن پہنچے تھے اور ان کے پہنچنے کے فوری بعد گلوکار کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔
بپی لہری کی آخری رسومات میں کمار سانو، شان، ایلکا یاگنک اور میکا سنگھ سمیت کئی گلوکاروں اور موسیقاروں نے بھی شرکت کی جب کہ ودیا بالن اور سنیل پال سمیت متعدد اداکار بھی ان کی آخری رسومات میں شریک ہوئے۔
بپی لہری نے چند دن قبل لتا منگیشکر کے انتقال پر لتا کے ساتھ اپنے بچپن کی تصویر شیئر کی تھی۔بپی لہری گنیز بک ریکارڈ کے حامل ہیں،انہوں نے ایک سال میں 33فلموں کیلئے 180 گانے ریکارڈ کروائے۔بپی لہری نے مشہور بالی ووڈ فلمیں ڈسکو ڈانسر، ہمت والا، شرابی، ایڈونچرز آف ٹارزن، ڈانس ڈانس، کمانڈو، آج کے شہنشاہ، تھانیدار سمیت بےشمار فلموں کے گانے کمپوز کیے۔
پچھلی دہائی میں بپی لہری نے فلم ’دی ڈرٹی پکچر‘ کا گانا ’او لالا‘ ، ’غنڈے‘ کا گانا ’تو نے ماری انٹریاں‘ جیسے مشہور گانے گائے۔انہوں نے آخری بار 2020 کی فلم باغی 3 کے لیے گانا ’بھنکاس‘ کمپوز کیا تھا، بپی لہری آخری بار بھارتی ریئلٹی شو میں سلمان خان کے ساتھ منظر عام پر آئے تھے۔
بپی لہری کا اصل نام آلوکیش لہری تھا، وہ 27 نومبر 1952 کو مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی میں پیدا ہوئے تھے۔بپی لہری کو بچپن سے ہی گلوکاری کا شوق تھا، انہوں نے کئی چھوٹی و بڑی فلموں میں اداکاری بھی کی۔
بپی لہری نے 80 کی دہائی میں بالی ووڈ کو کئی یادگار گیت دیے اور گلوکاری کی دنیا میں ایک مقام حاصل کیا۔بپی لہری کی شخصیت کی خاص پہچان ان کی سونے کی چین اور دھوپ والے چشمے تھے، کامیاب موسیقار نے سیاست میں بھی انٹری دی تھی، انہوں نے 2014 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔