الو آلٹو، کیلیفورنیا: فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی مالک مرکزی کمپنی میٹا نے مصنوعی ذہانت کے تحت ایک ایسے عالمی ٹرانسلیٹر سافٹ ویئر پر کام شروع کردیا ہے جو بڑی زبانوں کے علاوہ تمام چھوٹی زبانوں کے بھی باہمی ترجمہ کرسکے گا۔
میٹا کے مطابق اس ٹرانسلیٹر کو دنیا کے ہر باشندے اپنی زبان کے لیے استعمال کرسکیں گے۔ اس سے معیشت اور تعلیم سمیت دنیا کے ہر شعبے میں ایک انقلاب آجائے گا جس کی ضرورت ایک طویل عرصے سے محسوس کی جارہی تھی۔
اس منصوبے کا اعلان مارک زکربرگ نے میٹا کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کیا ہے۔ میٹنگ میں مؤقف پیش کیا گیا کہ اگرچہ انگریزی ، چینی اور ہسپانوی وغیرہ دنیا کی بڑی زبانیں ہیں لیکن 20 سے 30 فیصد افراد ایسے بھی ہیں جو یہ تینوں زبانیں نہیں بولتے اور نہ سمجھتے ہیں۔
اسی بنا پر ایک عالمگیر مترجم کی ضرورت محسوس کی جاتی رہی تھی۔ لیکن دوسری جانب خود میٹا اپنے تھری ڈی ورچول ماحول ہورائزن اور دیگر ایپلی کیشنز میں مصنوعی ذہانت (آرٹیفشل انٹیلی جنس) یا اے آئی کو بڑے پیمانے پر استعمال کررہا ہے۔ اب کمپنی اے آئی کی بدولت اس کام کو مزید تیز کرتے ہوئے ایک عالمی مترجم پلیٹ فارم پیش کرے گی جسے ’یونیورسل اسپیچ ٹرانسلیٹر‘ کا نام دیا گیا ہے۔
نیوز سورس ایکسپرس نیوز