بھارت کی پانچ ریاستوں میں ریاستی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، سب سے بڑی ریاست اترپردیش (یوپی) میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اکثریت حاصل ہے جب کہ پنجاب میں نئی دہلی کی عام آدمی پارٹی (آپ) کانگریس کو چھوڑ کر اپ سیٹ کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کا بھارت کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اقتدار برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ریاستی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں بی جے پی کو اترپردیش کے علاوہ گوا، منی پور اور اتراکھنڈ میں بھی برتری حاصل ہے جب کہ بھارتی پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی بھاری اکثریت سے جیت کی توقع ہے۔
اب تک کے نتائج کے مطابق بی جے پی کواترپردیش کی 403 نشستوں میں سے 274 پر کامیابی یا برتری حاصل ہے،یوپی میں بی جے پی کی جیت سے 2024 کے عام انتخابات میں مودی کی مقبولیت کو تقویت ملنے کا امکان ہے۔
بی جے پی 1985 کے بعد پہلی جماعت ہوگی جو مسلسل دوسری مرتبہ اترپردیش میں اقتدار سنبھالے گی۔
ادھر بھارتی پنجاب میں نئی دہلی کی عام آدمی پارٹی کانگریس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 92 نشستوں پر اکثریت میں ہے، جس کے باعث کانگریس کا اہم گڑھ اس کے ہاتھ سے تقریباً نکل چکا ہے۔
گوا،منی پور اور اتراکھنڈ میں بھی بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو برتری حاصل ہے۔
نیوز سورس جیو نیوز