اسلام آباد: اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلانے اور ووٹنگ 29 مارچ کو کرائے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں اسد عمر نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں اور مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قانونی نکات پر بریفنگ دی جب کہ صوبائی صدور نے پارٹی کے تنظیمی معاملات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلائے جانے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 29 مارچ کو کروائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کور کمیٹی نے عدم اعتماد سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اتحادی کہیں نہیں جارہے،ہمارے ساتھ ہیں اور ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں، عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں،صورتحال اطمینان بخش ہے۔
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی میں اتفاق کیا گیا ہےکہ ڈی چوک پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا جب کہ پی ٹی آئی نے جارحانہ پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں سیاسی جلسے جاری رکھے جائیں گے جب کہ ملک کے مزید شہروں میں جلسے کیے جائیں گے۔
نیوز سورس جیو نیوز