us_russia_china

روس کی مدد پرچین کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا: امریکا

eAwazورلڈ

امریکا نے چین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس نے یوکرین پر حملے میں روس کی مدد کی تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی خبر کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے متعدد امریکی میڈیا چینلز کو بتایا کہ یوکرین پر حملہ شروع کرنے کے بعد روس نے چین سے فوجی معاونت فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔

تاہم واشنگٹن میں چین کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ وہ ایسی درخواست سے باخبر نہیں ہے، اٹلی کے دارالحکومت روم میں چین اور امریکا کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان ملاقات ہونے کے بعد یہ انتباہ سامنے آیا ہے۔ ۔
خیال رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان شروع ہونے والے بحران کے بعد چین اپنے بیانات میں اپنے اتحادی ماسکو کی حمایت کرتا آرہا ہے لیکن تاحال اس نے روس کو فوجی اور معاشی معاونت فراہم نہیں کی۔
امریکی عہدیداروں کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے مقامی میڈیا نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں روس نے چین سے خاص طور پر فوجی ہتھیاروں اور ڈرونز کی فراہمی کی درخواست کی ہے مگر چین کا اس درخواست پر کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ وہ چین سے براہ راست اور ذاتی طور پر بات کر رہے ہیں کہ اگر اس نے روس کی مدد کی تو بڑے پیمانے پر پابندیوں کے نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اسے آگے برھنے کی اجازت نہیں دیں گے اور دنیا کے کسی بھی ملک کو ایسی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ روس پر معاشی پابندیوں سے اس کی ’لائف لائن‘ بنیں۔

نیوز سورس ڈان نیوز