Prime Minister Imran Khan

سب چور اکٹھے ہوگئے ہیں لیکن کپتان ایک گیند سے تین وکٹیں لے گا، وزیراعظم

eAwazپاکستان

سوات: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تین چوہوں نواز شریف ، آصف زرداری اور فضل الرحمان کے کرپٹ ٹولے کا شکار کرکے دکھاؤں گا اور امریکی صدر سمیت کوئی بھی ہو اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتا ہوں۔

عمران خان نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بلدیاتی الیکشن میں بلے کو ووٹ دینا ہے، بلے کے خلاف کھڑے ہونے والے پی ٹی آئی کے نوجوان بیٹھ جائیں کیونکہ ہم نے یہ الیکشن جیتنا ہے، اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد منظور ہونے پر آج صبح میں نے اٹھ کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے، ہم تین سال سے اسلاموفوبیا کیخلاف قرار داد کی منظوری کیلئے کوشش کررہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فضل الرحمان 30 سال سے ہر حکومت میں شامل رہے اور دین کے نام پر سیاست کی، لیکن کبھی اسلام و فوبیا کے خلاف ایک لفظ نہیں نکالا، فضل الرحمان مدرسے کے بچوں کو میرے خلاف سڑکوں پر نکالتے ہیں، مجھے یہودی کہتے ہیں، شرم آنی چاہیے جسے یہودی کہتے ہو، اس نے وہ کام کیا جو آپ 30 سال میں نہ کرسکے۔
عمران خان نے کہا کہ قادیانیوں کو غیرمسلم قرار دینے کے بعد سب سے بڑا کام اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد کی منظوری ہے، تین دفعہ وزیراعظم بننے والوں نے کبھی اقوام متحدہ اور او آئی سی میں اسلامو فوبیا کیخلاف بات نہیں کی، نواز شریف پرچیاں پکڑ کر امریکی صدر کے سامنے بیٹھے تھے تو ایک پرچی اسلامو فوبیا اور کشمیر کی بھی پکڑلیتے، ان کا خدا پیسہ ہوتا ہے، امریکی صدر کے سامنے ان کی کانپیں ٹانگتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر سمیت کوئی بھی ہو آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتا ہوں، 2008 سے 2018 تک ملک میں 400 ڈرون حملے ہوئے جن میں ہمارے لوگ شہید ہوئے، لیکن کبھی آصف زرداری اور نواز شریف اس کے خلاف نہیں بولے، اگر میرے اربوں روپے آف شور اکاؤنٹس میں ہوتے، چوری کے پیسے سے لندن میں محلات ہوتے، تو میں بھی امریکی صدر کے سامنے پرچیاں لے کر بیٹھتا۔

عمران خان نے کہا کہ ان کے چوری کے پیسے نے انہیں غلام بنایا اور امریکا کے سامنے جھکادیا، انہوں نے اپنی حرکتوں سے ہمیں بھی دنیا میں ذلیل کیا، 100 گیدڑوں کی قوم جس کا سردار شیر ہو وہ جیت جائے گی لیکن 100 شیروں کی قوم جس کا سردار نواز شریف جیسا گیدڑ ہو وہ ہار جائے گی، میرے شکار کےلیے تین چوہے نکلے ہیں، میں انہیں شکست دے کر دکھاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ارکان اسمبلی کو خریدنے کےلیے اسلام آباد میں سندھ ہاؤس میں ہارس ٹریڈنگ کے لیے نوٹوں کی بوریاں لے کر بیٹھے ہیں، الیکشن کمیشن سے پوچھتا ہوں کہ کیا آئین میں ہارس ٹریڈنگ کی اجازت ہے، 20، 20 کروڑ روپے سے سیاست دانوں کے ضمیر کی بولیاں لگی ہیں، قوم پر لازم ہے کہ ان چوروں اور برائی کے خلاف اٹھ کھڑی ہو اور 27 مارچ کو ڈی چوک پر جمع ہو۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو پتہ ہے کہ عمران خان تھوڑی دیر رہ گیا تو سب نے جیل جانا ہے، انہوں نے اپنی کامیابی کے بعد پہلا کام نیب اور کرپشن کیسز کو ختم کرنا ہے، اگلے چند روز فیصلہ کن دن ہیں کہ کیسا پاکستان بنے گا، سب چور اکٹھے ہوگئے ہیں لیکن کپتان ایک گیند سے تین وکٹیں لے گا۔