انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی سے دوحہ جانے والی قطر ایئر ویز کی پرواز کے ’کارگو ہولڈ میں دھواں اٹھنے‘ کے بعد اسے پاکستان کے شہر کراچی میں ہنگامی طور پر اتارا گیا ہے۔
پاکستان میں سول ایوی ایشن کے ترجمان سیف اللہ کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح ساڑھے چھ بجے قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 579 میں فائر الارم بجا اور اس کے بعد طیارے کو کراچی میں اچانک لینڈ کیا گیا۔
اس کے ردعمل میں فائر پروٹوکول کے مطابق آگ بجھانے والی گاڑیاں رن وے پر پہنچیں اور مسافروں کو محفوظ طریقے سے اتارا گیا۔
ترجمان سیف اللہ کے مطابق طیارے سے ایسی کوئی شہادت نہیں ملی کہ اس میں آگ لگی ہو یا اسے نقصان پہنچا ہو۔ ’یہ ایک تکنیکی مسئلہ تھا۔ کپتان نے اس کی مکمل انسپیکشن کا فیصلہ کیا اور مزید پرواز نہ بھرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد مسافروں کو لاونج میں بیٹھا دیا گیا ہے۔ دوحہ سے ایک دوسرا طیارہ آئے گا اور دوپہر تک انھیں لے کر پرواز روانہ ہوگی۔‘
قطر ایئر ویز کے جاری کردہ بیان کے مطابق دلی سے دوحہ جانے والی پرواز میں ’کارگو ہولڈ سے دھواں اٹھنے‘ کی وجہ سے اس کا رُخ کراچی ایئرپورٹ کی جانب کیا گیا جہاں محفوظ طریقے سے جہاز کی لینڈنگ کی گئی اور مسافروں کو باحفاظت اتارا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے جبکہ مسافروں کے لیے متبادل پرواز روانہ کی جا رہی ہے۔