وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ممالک میں مسلسل بیرونی مداخلتوں کی وجہ سے امت مسلمہ کی ناراضی بڑھ رہی ہے اور غیرملکی مداخلت دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ہوا دیتی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل (سی ایف ایم) کا 48واں اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ہے جس میں مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز، تنازعات اور ابھرتے ہوئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں 47ویں اجلاس کے چئیر نائیجر کے وزیرخارجہ ہاسومی مسعودی نے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کو 48ویں اجلاس کی چئیرمین شپ سونپ دی۔
اجلاس میں 46 ممالک کے وزرائے خارجہ موجود ہیں، ان کے علاوہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزرا اور اہم شخصیات بھی اجلاس میں شریک ہیں۔
اجلاس مسلم ممالک کی 57 رکنی کونسل کا دو روزہ سالانہ اجلاس ’اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت داری کی تعمیر‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہو رہا ہے۔
اس کے علاوہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا ویڈیو پیغام بھی چلایا جائے گا۔
نائیجرکے وزیرخارجہ ہاسومی مسعودی نے اجلاس میں اپنے افتتاحی خطاب میں امت مسلمہ کے اجتماعی اہداف کے حصول کے لیے کوششوں، کامیابیوں اور اقدامات پر روشنی ڈالی۔
نیوزسورس ڈان نیوز