قرار دادِ پاکستان پیش کیے جانے کے 82 سال پورے ہونے پر ملک بھر میں ترقی، خوشحالی اور ملک کے مضبوط دفاع کو یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ یوم پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
یہ دن 23 مارچ 1940 کو تاریخی قرارداد لاہور کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے علیحدہ وطن کا ایجنڈا طے کیا تھا۔
اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب جاری ہے جس میں مسلح افواج کے آرمڈ کور، ائیر ڈیفنس اور دیگر دستے مارچ پریڈ و فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے، اس کے علاوہ میزائل، یو اے وی پاکستان کے ناقابل تسخیردفاع کی علامت کے طور پر پریڈ کا حصہ ہیں۔
اس سال یوم پاکستان کی مرکزی پریڈ کا تھیم ‘شاد رہے پاکستان’ رکھا گیا ہے جو قومی ترانے سے لیا گیا ہے۔
او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کوپریڈ میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے اور او آئی سی کے فلوٹ کو یوم پاکستان کی پریڈ میں خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل اجمل خان نیازی اور ائیر مارشل ظہیر احمد بابر یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں موجود ہیں۔
صدر اسلامی جمہوریہ ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیر دفاع پرویز خٹک بھی مرکزی پریڈ دیکھنے کے لیے سلامی کے چبوترے پر موجود ہیں۔