کسی خوددار قوم کو کون ایسے دھمکیاں دے سکتا ہے؟ وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ساڑھے 3 سالوں میں عالمی سطح پر پاکستان کو جو عزت ملی اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ایک طاقتور ملک نے ناراض ہوکر ہمیں کہا کہ آپ روس کیوں چلے گئے؟ اور غصہ ہوگئے، حالانکہ ان کا اپنا اتحادی بھارت بھی روس-یوکرین جنگ میں نیوٹرل رہا اور روس سے تیل بھی خرید رہا ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں 2 روزہ نیشنل سیکیورٹی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آج برطانیہ کی فارن سکیریٹری کا بیان پڑھا کہ ہم بھارت کو کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ وہ آزاد ملک ہے اور اس کی آزاد خارجہ پالیسی ہے، تو پھر ہم کیا ہیں؟
انہوں نے کہا اس سب کی ذمہ داری میں کسی اور پر نہیں ڈالتا، جن لوگوں نے اچکنیں سلوا لی ہیں وہ کل بیان دے رہے تھے کہ امریکا کو ناراض نہیں کرنا چاہیے، امریکا کے بغیر ہمارا گزارا نہیں ہوسکتا، ان لوگوں کی وجہ سے آج ہم یہاں پہنچے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے ملک کو قوم نہیں اشرافیہ کے مفاد کی خاطرقربان کیا، انہوں نے ملک کی عزت کو داؤ پر لگایا، کبھی اس ملک کی عزت نہیں ہوتی جو اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہوتا، کسی خوددار قوم کو کون ایسے دھمکیاں دے سکتا ہے؟۔
وزیراعظم کاکہنا تھاکہ ہم نے سعودی عرب، ایران اور ترکی کو اکٹھا کرنے کیوشش کی، افغانستان میں ہمارا بہت بڑا کردار ہے اور ہم نے امن عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، یوکرین تنازع پر میرے روس جانے پر ہمارے پرانے دوستوں کو مسئلہ ہوا۔
عمران خان نے کہا کہ نئےپاکستان میں قانون کی بالا دستی، فلاحی ریاست اور آزاد خارجہ پالیسی ہوگی، ڈالرز کی امداد کی وجہ سے اپنے لوگوں کے مفادات کو قربان نہیں کریں گے۔
نیوز سورس ڈان نیوز