Foreign Minister Bilawal Bhutto Zardari

پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی بطور وزیر خارجہ کابینہ میں شمولیت کے معاملے پر تقسیم

eAwazپاکستان

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت میں بلاول بھٹو زرداری کی بطور وزیر خارجہ کابینہ میں شمولیت کے معاملے پر تقسیم ہے۔

پارٹی رہنماؤں سے پس منظر میں کیے گئے انٹریوز سے کچھ میڈیا حلقوں میں پھیلی ان اطلاعات کی تصدیق ہوتی ہے کہ چیئرمین پی پی پی وزیر خارجہ بن سکتے ہیں تاہم اس معاملے پر مشاورت جاری ہے۔

تاہم دوسرے کیمپ کے اراکین کا خیال ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کو شہباز شریف کی زیر قیادت وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بننا چاہیے کیوں کہ اس سے اتحادی حکومت میں دوسری بڑی جماعت کے سربراہ کی حیثیت مجروح ہوگی۔

اس کیمپ کا خیال ہے کہ شاید پیپلزپارٹی کے ورکرز اپنے چیئرمین کو مسلم لیگ (ن) کے وزیر اعظم کے ماتحت کام کرتا دیکھ کر ناپسند کریں جو سیاست میں پی پی پی کی سب سے بڑی حریف ہے۔

بلاول بھٹو کے ایک قریبی اور سینیئر پارٹی رہنما نے کہا کہ ’میں نے اپنے چیئرمین کو ملک کا وزیر خارجہ بننے کا مشورہ دیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے اور وہ نوجوانوں کے نمائندہ ہیں، بلاول کی ان کی والدہ بینظیر بھٹو کی وجہ سے دنیا میں اچھی ساکھ ہے جو انہیں عالمی رہنماؤں کے ساتھ بین الاقوامی امور پر بات چیت میں مدد دے گی۔

پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ اس سے ان لوگوں میں ان کی مقبولیت بڑھے گی جنہوں نے سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کو نہیں دیکھا اور اس سے پیپلزپارٹی کو مستقبل میں فائدہ ہوگا۔

نیوز سورس ڈان نیوز