Pentagon spokesman John Kirby

پینٹاگون کو پاک فوج کے ساتھ مضبوط تعلقات جاری رہنے کی امید

eAwazپاکستان

پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکا کے پاک فوج کے ساتھ مضبوط عسکری تعلقات ہیں اور اس سلسلے کو جاری رکھنے کی ہرممکن توقعات موجود ہیں۔

پینٹاگون کے سینیئر عہدیدار کی جانب سے یہ تبصرہ شہباز شریف کے وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے کے 2 روز بعد سامنے آیا ہے، جنہوں نے گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ کی ووٹنگ کے ذریعے معزول ہونے والے سابق وزایراعظم عمران خان کی جگہ لی ہے۔

ایک پریس بریفنگ میں جان کربی نے کہا کہ اِس خطے میں سلامتی اور استحکام کے حوالے سے امریکا کے پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان خطے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان اور پاکستانی عوام خود اپنے ہی ملک کے اندر دہشت گرد حملوں کا شکار ہیں۔

شہباز شریف کے بطور وزیر اعظم انتخاب اور معزول وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے امریکا کے خلاف حکومت کی تبدیلی میں کردار ادا کرنے کے الزامات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں جان کربی نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ہم پاکستان کی اندرونی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

نیوز سورس ڈان نیوز