امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی جے بلنکن نے نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی اور حکومت پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون جاری رکھنے کے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان کو گزشتہ ہفتے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے کے بعد شہباز شریف پیر کو پاکستان کے 23ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔
گزشتہ رات جاری ہونے والے ایک بیان میں انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستان تقریباً 75 سالوں سے وسیع تر باہمی مفادات میں امریکا کا اہم پارٹنر رہا ہے اور امریکا ان کے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایک مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان کو دونوں ممالک کے مفادات کے لیے ضروری سمجھتا ہے۔
بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم کے دفتر نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت اور ضرورت کا اعادہ کیا۔
نیوز سورس ڈان نیوز