سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف بلامقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر دونوں کے مستعفی ہوجانے کی وجہ سے اجلاس کی صدارت پینل آف چیئرپرسن میں شامل مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میںشروع ہوا۔
اجلاس کے آغاز میں قائد ایوان شہباز شریف نے اسمبلی میں اظہار خیال کیا۔
ایاز صادق نے اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں آئٹم نمبر 5 پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے صرف راجا پرویز اشرف واحد امیدوار تھے جن کے تجویز کنندگان خورشید شاہ اور نوید قمر تھے اور یوں وہ بلامقابلی منتخب ہوگئے ہیں۔
راجا پرویز اشرف قومی اسمبلی کے 22ویں اسپیکر بنے ہیں اور ایاز صادق نے ان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
اسپیکر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی باوقار منصب پر فائز ہونے پر اللہ تعالیٰ کا انتہائی شکر گزار ہوں۔