مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر بھارتی جرائم کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ سری نگر کے موقع پر کنٹرول لائن کے دونوں اطراف آج یوم سیاہ منایا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیراعظم مودی کے دورے کے موقع پر وادی میں مکمل ہڑتال ہو گی، ہڑتال کی کال کُل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔
حریت کانفرنس نے جاری بیان میں کہا ہے کہ کشمیری مقبوضہ وادی پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں جبکہ نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر بھارتی جرائم کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی ہوں گے۔
دوسری جانب وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ویڈیو پیغام میں کہاکہ اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے تمام شہروں میں بھارت کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
سردار تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت نے پورے خطے کا امن داؤ پر لگایا ہوا ہے۔
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جلسہ گاہ سے چند کلومیٹر دور زور دار دھماکا ہوا ہے جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جموں کشمیر کے گاؤں لالیانہ میں وزیراعظم نریندر مودی نے عوامی اجتماع سے خطاب کرنا تھا تاہم جلسہ گاہ سے صرف 12 کلومیٹر دوری پر زوردار دھماکا ہوا ہے۔
زوردار دھماکے کی آواز سنتے ہی پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور جلسے کے انتظامات کو روک دیا گیا۔ دھماکے کی جگہ بہت بڑا گڑھا پڑ گیا تاہم کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔