وسیم عباس کی شوبز انڈسٹری سے شکایات

eAwazفن فنکار

سینئر اداکار وسیم عباس کا کہنا ہے کہ اُنہیں شوبز انڈسٹری سے کئی شکایات ہیں۔

وسیم عباس نے حال ہی میں اپنے بیٹے، اداکار علی عباس کے ہمراہ ایک ٹاک شو میں بطور مہمان شرکت کی ہے۔

اس شو میں پاکستان شوبز انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’انڈسٹری میں پرانے زمانے کے سچے افسانے بھلادیے جاتے ہیں اور ان کا خیال نہیں رکھا جاتا‘۔

اُنہوں نے پاکستانی انڈسٹری کا بھارتی انڈسٹری سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ’وہاں آپ دیکھیں کس طرح وہ اپنے پرانے سینئر اداکاروں کو یاد رکھتے ہیں‘۔

اُنہوں نے پاکستانی انڈسٹری کے موجودہ دور کو’بے شرمی کے دور‘ کا نام دیتے ہوئے کہاکہ’ہندوستانی اپنے 70 سال پرانے اداکار کو نہیں مرنے دیتے، آپ نے سب کو ہی مار دیا ہے‘۔

وسیم عباس نے مزید کہا کہ’ تھوڑی تمیز سیکھو، تھوڑا اپنے سینئر اداکاروں کو یاد رکھنا سیکھو، وہ ہماری میراث ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ صرف آج کی نسل کا قصور نہیں ہے، ہمارے پروگرامز میں دکھایا جانے والا مواد اپنے میراث کو یاد رکھنے کے لیےناکافی ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ایوارڈ شوز میں نامی گرامی اداکاروں کو ان کی انڈسٹری کے لیے کی گئی خدمات کے لیے سراہا نہیں جاتا ہے‘۔