Foreign Office spokesman Asim Iftikhar

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے سفیر اسد مجید پر دباؤ کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا

eAwazپاکستان

اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفیر اسد مجید نے قومی سلامتی کمیٹی کو بریف کیا، قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ واضح ہے، اسد مجید پر دباؤ کی خبریں بے بنیاد ہیں، امریکی سفارت کار کو قومی سلامتی کمیٹی کےفیصلے کے مطابق احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

 ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اسد مجید نئی اسائنمٹ پر برسلز میں ہیں،قومی اسمبلی کمیٹی کے میٹنگ میں بیرونی سازش کے کوئی ثبوت نہیں ملے، سازشی تھیوری جیسی باتیں ہماری سفارت کاری کو متاثرکرتی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ  آئین پاکستان کےتحت جمہوری ٹرانزیشن ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف کو کئی ممالک کی طرف سے مبارک باد کے پیغامات آئے، وزیراعظم نے چین، سعودی عرب اور ترکی کےسربراہان کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نےکشمیریوں کی جائز جدوجہد کا اعادہ کیا، پاکستان اپنی سفارت کاری قومی ملکی مفاد کے مطابق جاری رکھےگا۔

ترجمان نے بتایا کہ امریکی رکن کانگریس الہان عمر نےکشمیر اور لاہور کے دورے کیے، امریکی رکن کانگریس نےمسئلہ کشمیر کو کانگریس میں اٹھانے کا وعدہ کیا۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ افغانستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں، فلسطین میں مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتےہیں، عالمی برادری فلسطینیوں کےجان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیرقانونی اقدامات سےآگاہ ہے۔

 ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے برعکس اقدامات سے باز رہے، مقبوضہ کشمیرمیں گزشتہ ہفتے7 بےگناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا، ہندوتوا ذہنیت بھارت کے اندر بھی پھیل رہی ہے، پاکستان کرتارپورسے متعلق بھارت کےلغو بھارتی پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔