آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے ٹیلی فون کال میں پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عزم اور ملک میں کووِڈ۔19 کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بل گیٹس نے ملک میں پولیو مہم کی حمایت، مناسب رسائی اور کوریج یقینی بنانے پر پاک فوج کی تعریف کی، آرمی چیف نے جواب دیا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی مقصد ہے اور اس عمل میں شامل تمام افراد کو کریڈٹ جاتا ہے۔
بل گیٹس نے وسائل کی کمی کے باوجود کووڈ۔19 کے خلاف پاکستان کی کامیابی کو بھی سراہا جس پر آرمی چیف نے کامیابی کا سہرا ایک حقیقی قومی ردعمل کو قرار دیا جسے این سی او سی کے میکنزم کے ذریعے عمل میں لایا گیا جس سے وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے میں مدد ملی۔
آرمی چیف نے پولیو کے خاتمے اور کورونا وائرس پر ردعمل جیسے نیک مقاصد کے لیے بل گیٹس کی کوششوں کو سراہا اور انہیں تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔
اس سال کے شروع میں بل گیٹس نے پہلی بار پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس وقت کے وزیر اعظم، صدر اور دیگر قومی و صوبائی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں، انہوں نے ظہرانے اور ایک تقریب میں شرکت بھی کی تھی جس میں انہیں ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں سے ایک سے نوازا گیا تھا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بل گیٹس کو انسانیت، پولیو کے خاتمے اور پاکستانی عوام کی بہتری کے لیے ان کی فلاحی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان سے نوازا تھا۔
نیوز سورس ڈان نیوز