اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان سمیت اپنے رہنماؤں پر درج توہین مذہب کے مقدمات کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔
ملک کے مختلف حصوں میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف مسجد نبوی میں پیش آئے واقعے پر توہین مذہب کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی نے ملک بھر میں درج مقدمات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں کہا گیا کہ مجھے اور مقدمات میں نامزد ساتھیوں کو غیر قانونی ہراساں کرنے سے روکا جائے، ملک بھر میں درج مقدمات کو ریکارڈ پر لانے کی ہدایت کی جائے ، پٹشنرز اور اس کے ساتھیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی سے روکا جائے، کس بنیاد پر مقدمات دائر کیے گئے وجوہات سے آگاہ کیا جائے، ایف آئی اے یا پولیس کا کوئی بھی ایکشن غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔
ڈاکٹر شہباز گل کی جانب سے بھی ملک واپسی کے لیے حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر ہونے کا امکان ہے۔