امریکی اسٹینڈ اپ کامیڈین ڈیو چیپیل پر دوران پرفارمنس حملہ

eAwazفن فنکار

امریکی اسٹینڈ اپ کامیڈین ڈیو چیپیل پر اسٹیج پر پرفارمنس کے دوران ایک شخص نے اچانک حملہ کردیا۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈیو منگل کی شب لاس اینجلس میں واقع ’ہالی وڈ باؤل’ میں ’نیٹ فلکس از اے جوک فیسٹیول‘ میں اپنی پرفارمنس دے رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیو اسٹیج پر موجود ہیں اور اچانک ایک شخص دوڑتا ہوا آتا ہے اور ڈیو سے ٹکرا جاتا ہے۔
تاہم اس حملے میں ڈیو محفوظ رہے اور بعد ازاں انہوں نے اپنی پرفارمنس مکمل کی۔

خیال رہے کہ 48 سالہ کامیڈین نے گزشتہ برس نیٹ فلکس کے لیے ایک شو کیا تھا جس پر انہیں خواجہ سراؤں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا کیوں کہ اس شو میں خواجہ سراؤں سے متعلق کچھ نامناسب باتیں تھی۔

حملے کے بعد ڈیو دوبارہ اسٹیج پر آئے تو انہوں نے اس تنازع کے بارے میں بات کی اور یہ بھی کہا کہ ان کے خیال میں حملہ آور کوئی خواجہ سرا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی وہ جائے وقوع پر پہنچے اور وہاں سے ایک شخص کو حراست میں لیا جس کے پاس چاقو اور بندوق بھی تھی۔ حملے کا محرک اب تک سامنے نہیں آسکا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملے کے بعد حملہ آور کو اسٹیج پر موجود لوگوں نے بھی زد و کوب کیا جس سے اس کا بازو ٹوٹ گیا۔ بعض میڈیا رپوٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کے پاس سے برآمد ہونے والا اسلحہ جعلی تھا جبکہ چاقو اصلی تھی۔

نیوز سورس جیو نیوز

https://twitter.com/tariqnasheed/status/1521742720938635264?s=20&t=cosQGseu5pBhWAMYvHaqzA