حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے لندن اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، جس میں ملکی معیشت سنبھالنے سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق ن لیگ کے لندن اجلاس میں ملکی معیشت سنبھالنے کے لئے اہم فیصلے پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قائد نواز شریف نے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی حکمت عملی بنانے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان، پی ٹی آئی کے سابق وزراء اور ارکین کی کرپشن کے ثبوت سامنے لائے جائیں۔
دوران اجلاس نواز شریف نے شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان بننے پر مبارک باد دی اور ہدایت کی کہ ن لیگی کارکنوں کو خاص اہمیت دی جائے۔
لندن اجلاس میں ن لیگ کو ضلع سطح پر منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور وزراء نے اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔
اس موقع پر نواز شریف نے اظہار خیال کیا اور کہا کہ جلد از جلد آئینی اصلاحات کا عمل مکمل کیا جائے، تحریک انصاف حکومت نے پاکستان کو پستیوں کی طرف دھکیلا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے والے اراکین اسمبلی اور کارکنوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو عوام سے رابطے کی ہدایت بھی کی۔