اوکٹا ایف ایکس، ایزی فاریکس جیسی کمپنیوں پر اسٹیٹ بینک نے پابندی عائد کردی

eAwazپاکستان

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے ملک میں اوکٹا ایف ایکس اور ایزی فاریکس جیسے فاریکس ٹریڈنگ پلیٹ فارم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ یہ پلیٹ فارمز مرکزی بینک اور سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے ریگولیٹڈ نہیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یوٹیوب اور سوشل میڈیا کی دیگر ویب سائٹس ان ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے اشتہارات سے بھری ہوئی ہیں، انہوں نے اپنی خدمات کو فروغ دینے کے لیے بہت سے انفلوئینسرز کو بھی اعتماد میں لیا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں زیادہ سے زیادہ پاکستانی ان ٹریڈنگ پلیٹ فارمز پر انحصار کر رہے ہیں اور آمدن کا ذریعہ سمجھ رہے ہیں۔

ایس بی پی نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اس بات پر غور کیا ہے کہ متعدد آف شور فارن ایکسچیننج ٹریڈنگ ویب سائٹس، موبائل ایپلیکیشن، اوکٹا ایف ایکس اور ایزی فاریکس جیسے پلیٹ فارم کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے جو پاکستان کے شہریوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات فراہم کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم شہریوں کو سوشل میڈیا اشتہارات کے ذریعے للچاتے ہیں کہ وہ ان کی سروسز اور مصنوعات خریدیں اور اس میں سرمایہ کاری کریں‘۔

بینک کے مطابق مثال کے طور پر اس طرح کی مصنوعات میں فارن ایکسچینج ٹریڈنگ، مارجن ٹریڈنگ، کانٹیکٹ آف ڈفرینسز وغیرہ شامل ہیں لیکن ان تک محدود نہیں ہیں۔

بینک کا کہنا تھا کہ ’عوام کے مفاد کے لیے واضح کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں مقیم کسی بھی شخص کی جانب سے مذکورہ پلیٹ فارمز کے ذریعے پیش کی جانے والی مصنوعات اور خدمات کو خریدنا ممنوع اور ملکی قوانین کے خلاف ہے‘۔