Kashmir Hurriyat leader Yasin Malik poisoned in jail Wife Mashal Malik

کشمیر ی حریت رہنما یاسین ملک کو جیل میں زہر دیا گیا ؛ اہلیہ مشال ملک

eAwazورلڈ

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ یاسین ملک کو جیل میں زہر دیا گیا، سیکریٹری جنرل یو این کو فوری خط لکھا جائے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا کہ وقت کم ہے، 25 تاریخ کو یاسین ملک کو سزا سنائی جانی ہے، یاسین ملک کو فلموں کے ذریعے ولن یا سب سے بڑا ظالم دکھایا جارہا ہے۔

مشال ملک نے کہا کہ یاسین ملک نے عدالت میں کہا کہ کشمیروں کی تحریک کی سربراہی کر رہا ہوں، یاسین ملک کے وکیل راجہ طفیل کو اچانک برین ہیمریج ہوگیا اور کل جنیوا انسانی حقوق کانفرنس میں اپیل جمع کرانے کا آخری دن ہے۔

اُنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان یاسین ملک کے عدالتی استحصال پر درخواست دائر کرے، دنیا کا کوئی قانون ایک خاندان کو علیحدہ نہیں کرسکتا۔

یاسین ملک کی اہلیہ نے یہ بھی کہا کہ شادی کو 13 سال ہوگئے، آج تک خاندان کو ایک ساتھ رہنے نہیں دیا گیا، قیدیوں کو حاصل حقوق بھی یاسین ملک کو نہیں مل رہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی رحلت پر ان کے خاندان کے ساتھ بے رحمی کا مظاہرہ کیا گیا۔

اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ جس طرح کلبھوشن کو قونصلر رسائی دی گئی، مجھے بھی حق دیا جائے۔

مشال خان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی حریت لیڈر شپ کو دانستہ طور پر ختم کیا جارہا ہے، دنیا شاید چاہتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نیوکلیئر جنگ چھڑے۔

اُنہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو وکلاء کی سہولت نہیں دی جا رہی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری یاسین ملک کا کیس لڑنے میں مدد فراہم کریں۔

مشال ملک نے یہ بھی کہا کہ یاسین ملک کا عدالتی قتل کیا جارہا ہے، دنیا یاسین ملک کی رہائی میں مدد کرے، یاسین ملک کا کیس وزیر خارجہ بین الاقوامی عدالت میں لے جائیں۔

دوسری جانب فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یاسین ملک پر بھارتی حکومت بہت ظلم کررہی ہے، یاسین ملک کے ایشوز تمام سیاسی جماعتیں ایک ہوں۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ بھارتی عدالتیں یاسین ملک سے متعلق یکطرفہ فیصلہ سنانے جارہی ہیں۔

بھارت میر ے پاپا کو مارنا چاہتا ہے: بیٹی یاسین ملک
بھارتی فورسز کی حراست میں موجود حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کی صاحبزادی رضیہ سلطانہ کا کہنا ہے کہ میں اپنے پاپا کو بچانا چاہتی ہوں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضیہ سلطانہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ میرے پاپا یاسین ملک کا مسئلہ دیکھیں۔

انھوں نے کہا کہ میرے پاپا یاسین ملک کشمیر کے لیڈر ہیں، میرے پاپا کشمیری ہیں اس لیے بھارت ان کو مارنا چاہتا ہے، میں اپنے پاپا کو بچانا چاہتی ہوں۔

یاد رہے کہ بھارت کی عدالت نے کئی ماہ سےبھارتی فورسز کی حراست میں موجود حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کو 19 مئی کو دہشتگردی فنڈنگ کیس میں مجرم قرار دیدیا ہے۔

بھارتی عدالت نے حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کو مجرم قرار دیدیا

بھارتی میڈیا کے مطابق یاسین ملک کی سزا سے متعلق عدالت 25 مئی کو سماعت کرے گی۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یاسین ملک نے گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی اور علیحدگی پسند سرگرمیوں سے متعلق کیس میں عدالت میں اپنے خلاف تمام الزامات کو تسلیم کیا تھا۔