وزیراعظم نے بجٹ کے معاملے پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

eAwazپاکستان

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے نئے مالی سال کے بجٹ پرہنگامی اجلاس بلالیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں ہنگامی اجلاس کچھ دیر بعد وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں شہباز شریف کو وزارت خزانہ کے حکام کی جانب سے بجٹ پر بریفنگ دی جائے گی۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج ہوگا جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائےگا جب کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ اورسپریم کورٹ کے فیصلوں پربھی کابینہ اراکین اپنی رائے دے گی۔

اجلاس میں وزیراعظم دورہ ترکی سے متعلق بھی کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیں گے اور وزیراعظم کابینہ اجلاس کے بعد دورہ ترکی کیلئے روانہ ہوں گے۔

کابینہ ڈویژن نے اجلاس کا 7 نکاتی نیا ایجنڈا جاری کردیا۔

ایجنڈے کے مطابق نیشنل کمیشن ہیومن رائٹس کے ممبر اسلام آباد کی تعیناتی اور ریلوے قوانین ترمیمی آرڈیننس 2022 کی منظوری دی جائے گی۔

ایجنڈے میں28 مئی کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی شامل کی گئی ہے، اس کے علاوہ چینی شہریوں کے ویزوں میں توسیع کی چھوٹ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے، آئی جی بلوچستان کے تبادلہ اور نئی تقرری کا معاملہ کابینہ ایجنڈا میں شامل کیا گیا ہے۔