وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے خلاف مقدمہ درج کرنے کے عدالتی حکم پر کہا ہے کہ فسادی ٹولے سے قوم کو بچانے کے لیے کوئی مقدمہ بھی برداشت کرنا پڑا تو خوش دلی سے کریں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے سے اپنے دو ڈھائی ہزار لوگ ڈی چوک کے اردگرد جمع کیے ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نے کہہ دیا کہ اس کے لوگ مسلح تھے کیا اب بھی عدالت ان کی بات پر یقین کرے گی؟
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فسادی مارچ کرنا جرم ہے تو فسادی مارچ کی تیاری کرنا بھی جرم ہے، اس بار پی ٹی آئی نے مارچ کا اعلان کیا تو ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔
واضح رہے کہ لاہورکی سیشن عدالت نے وکلا تشدد کیس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔