امریکا کا یوکرین کو جدید راکٹ سسٹم کے بعد اب مسلح ڈرونز دینے کا بھی ارادہ ہے۔
بین الااقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بائیڈن انتظامیہ یوکرین کو چار ایم کیو- 1 سی گرے ایگل ڈرون فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو روس کے خلاف میدان جنگ میں استعمال کے لیے ہیل فائر میزائلوں سے لیس ہو سکتے ہیں۔
اس حوالے سے ایک ڈرون کے ماہر ڈین گیٹنگر کا کہنا ہے کہ ’عام طور پر ایم کیو- 1 سی ایک بہت بڑا طیارہ ہے جس کا ٹیک آف وزن بائریکٹر- ٹی بی 2 سے تین گنا زیادہ ہے، جس میں پے لوڈ کی گنجائش، رینج اور برداشت میں ہم آہنگ ہونے کے فوائد بھی موجود ہیں۔‘
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جنرل اٹامکس سے بنے ڈرونز کی یوکرین کو فروخت امریکی کانگریس اب بھی روک سکتی ہے، اور آخری لمحات میں اس پالیسی کے مسترد ہوجانے کا خطرہ بھی ہے جو کہ اس منصوبے کو ناکام بنا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کو جدید راکٹ سسٹم بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق، صدرجوبائیڈن یوکرین کو خود مختار، آزاد، خوشحال اور دفاعی صلاحیت سے لیس دیکھنا چاہتے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ہتھیاروں کی نئی کھیپ یوکرین کو میدان جنگ میں اہم اہداف کو نشانہ بنانے کے قابل بنائے گی۔