مقبوضہ کشمیر میں عالمی قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، مندوب عامر خان

eAwazپاکستان

اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عامرخان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر ایسے ظالمانہ قبضے کی مثال ہے جہاں کئی دہائیوں سے بین الاقوامی قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔

قائم مقام مستقل مندوب عامر خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح مباحثے سے خطاب میں کہا کہ سلامتی کونسل بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا فوری طور پر نوٹس لے اور بھارتی حکام و اہلکاروں کو جوابدہ ٹھہرائے۔

عامرخان نے کہا کہ قراردادوں،فیصلوں پر عمل درآمد میں دوہرا معیار تنازعات پر تشویش کا سبب ہے، بھارت نے کشمیریوں کےحقِ خودارادیت سے زبردستی انکار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں بھی کیں، بھارت کے9 لاکھ فوجی کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہیں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج بدترین تشدد، عصمت دری اور سنگین جرائم کا سہارا لے رہی ہے، کشمیریوں کو گولہ بارود اور پیلٹ گن سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پاکستانی قائم مقام مندوب نے بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کے مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہے، سلامتی کونسل بھارت کے سنگین جرائم کا فوری نوٹس لے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی مستقل پابندی ناگزیر ہے۔