قومی ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑی عابد علی نے اپنے مستقبل کا ٹارگٹ بتادیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں عابد علی نے کہا کہ میرا اس وقت ٹارگٹ یہی ہے کہ پاکستان کی ایک بار پھر نمائندگی کروں۔
انہوں نے کہا کہ مکمل ری ہیب کے بعد ٹریننگ کر رہا ہوں، کنڈیشننگ کیمپ میں نام آیا تو بہت پرجوش تھا، ہارٹ سرجری کے بعد ٹریننگ کے لئے تمام ہدایات پر مکمل عمل کیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’کرکٹ میں واپسی پر بہت زیادہ خوشی ہو رہی ہے، لوگ کہہ رہے تھے شاید میری کرکٹ ختم ہو گئی ہے مگر میں نے خود کو متحرک رکھا‘۔
عابد علی کا کہنا تھا کہ ’مجھے فیملی اور کوچز نے سپورٹ کیا، سو فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا، میری کوشش ہو گی کہ اپنی فٹنس پر فوکس کروں اور بہتر سے بہتر رکھوں‘۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ ’عابد علی نے واپسی کے لئے بہت محنت کی ہے، وہ بہت زیادہ پر جوش ہیں اور ان کا دل کرتا ہے کہ وہ دوبارہ ٹیم میں آئیں، اسی جذبے کی وجہ سے وہ بہت محنت کر رہے ہیں‘۔