بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے گستاخانہ بیان پر معطل کی جانے والی ترجمان نوپور شرما نے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد معافی مانگ لی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، دہلی پولیس نے بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کیا ہے۔
اس مقدمے میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ پیغمبر اسلامﷺ کے بارے میں ان کے گستاخانہ بیان پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
نوپور شرما کی جانب سے شکایات موصول ہونے پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بی جے پی کی جانب سے معطل کی گئی ترجمان نوپور شرما نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے گستاخانہ بیان پر معافی بھی مانگی ہے۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ان کا مقصد کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ’وہ اپنی فیملی کی سیکیورٹی کے بارے میں فکر مند ہیں۔‘
نوپور شرما نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے گھر کے ایڈریس کو عام نہ کریں۔‘
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر ایک خط کی تصویر گردش کررہی ہے، جوکہ بی جے پی کی جانب سے نوپور شرما کے نام لکھا گیا تھا اور اس خط پر ان کے گھر کا ایڈریس بھی لکھا ہوا ہے۔